بھٹکل:31/ دسمبر(ایس اؤنیوز)29دسمبر 2017بروز جمعہ کی رات شہر کے پبلک چبوترے پر مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے زیر اہتمام منعقدہ شاندار و خوبصورت نعتیہ مقابلے کے سفلیٰ گروپ میں حسن سدی باپا اول، طریف ابوحسینہ دوم اور عمیر نے سوم اورعلیا گروپ میں ذفیف شنگیری اول ، عبداللہ برماور دوم اور دانش شنگیٹی نے سوم نے انعام حاصل کیاہے۔
نعتیہ مقابلہ کا آغاز عزیزی عکاشہ ابن عزیز الرحمن رکن الدین ندوی کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ مجلس اصلاح وتنظیم کے جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری نے استقبالیہ کلمات پیش کئے ۔ سفلی گروپ کے مقابلے کے بعد مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے چیف قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی ندوی نے اپنے جامع خطاب میں کہاکہ سیرتِ رسول ﷺکا سب سے روشن پہلو انسانیت نوازی ہے،انسان تو انسان ، جانوروں کے ساتھ آپ ﷺکا سلوک بے مثال و قابل عمل ہے۔ فتح مکہ کے موقع پر کٹر سے کٹر دشمنوں سے رحمت کا معاملہ کرتے ہوئے عام معافی کا اعلان کرنا تاریخ انسانیت میں کہیں نہیں ملتی۔ اگر تعصب کی عینک نکا ل کر سیرت ﷺکامطالعہ کیا جائےتومتاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ ہر شخص کے لئے ضروری ہے کہ وہ حضور ﷺ کی زندگی کا مطالعہ کرے۔
جامع مسجد بھٹکل کے خطیب مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نبی ﷺنے انسانیت پر عظیم احسان کیا ہے آپ ہی کے طفیل میں دنیا کو یہ پیغام ملا کہ تمام انسان برابر ہیں، انسانیت کا سر اونچا کردیا۔ اللہ کے نبی ﷺ نے جانوروں سے بدتر سلوک کئےجانے والی عورت کو عزت کا مقام دیا، جنگ کی حالتوں میں بھی انسانیت کے تحفظ کو ترجیح دی ، مزدوروں کو ، قیدیوں کو ، خادموں کوان کے حقوق عطاکئے۔ جہاں انسانیت مرگئی تھی وہاں آپﷺنے تکریم انسانیت کا سبق دیا۔ مولانا نے کہاکہ اگر آج بھی دنیا میں سربلندی ، امن وآشتی چاہتے ہیں تو سیرتِﷺکامطالعہ اور عمل ضروری ہونے کی بات کہی۔
مجلس اصلاح وتنظیم کے صدر محمد مزمل قاضیا نے صدارتی خطاب کیا۔ نعتیہ مقابلے میں سرگرم رول اداکرنے والے، تنظیم ثقافتی کمیٹی کے کنونیر سید عبدالعظیم ایس ایم نے شکریہ کلمات اداکئے۔ محمد عرفان محتشم نے نظامت کے فرائض انجام دئیے تو سفلی گروپ کے مولانا غفران اکرمی ندوی ، سید اشرف برماور اور عبدالعلیم شاہین ؔ اور علیا گروپ کے لئے ڈاکٹر محمد حنیف شبابؔ، عبدالرؤوف سونور اور ابن حسن بھٹکلی جج کا فریضہ انجام دیا۔ مولانا عبدالعظیم قاضیا ندوی کی دعاپر جلسہ کا اختتام ہوا۔
نعتیہ مقابلے کے فائنل راؤنڈ پہنچے تمام مساہمین کے درمیان تشجیعی انعامات تقسیم کئے تو جج حضرات کو بھی میمونٹو سے نوازاگیا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل تنظم دفتر میں نعتیہ مقابلہ کا پہلاراؤنڈ منعقد ہوا تھا جس میں فائنل راؤنڈ کے لئے ہرگروپ سے 10-10مساہمین کو منتخب کیا گیا تھا۔ جلسہ کے دوران شرکاء کے لئے تواضع کا اہتمام کیا گیا تھا۔اس موقع پر ڈائس پر تنظیم کے نائب صدر عنایت اللہ شاہ بندری ، مشہور صنعت کار محمد یونس قاضیا، بلدیہ صدر محمد صادق مٹا، ڈی ایف صدیق وغیرہ موجود تھے۔